اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے افغانستان سے انخلا پر کلیدی کردار ادا کرنے پر پاکستان کی تعریف کر دی۔
وزیر اعظم عمران خان کو منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹیلینا جارجیوا کی جانب سے مراسلہ بھیجا گیا۔ جس میں افغانستان میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
کرسٹیلینا جارجیوا نے کہا کہ مشکل گھڑی میں افغانستان سے عملے کے بحفاظت انخلا پر پاکستان کے مشکور ہیں۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیر خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر دفاع اور گورنر اسٹیٹ بینک کے کردار کی بھی تعریف کی۔
خط میں کہا گیا کہ مشکل وقت میں انخلا پر پاکستان کی کوششیں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے ممبر ممالک کے لیے قرض پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2 ارب 77 کروڑ ڈالر قرض ملے گا جو مشروط طور پر دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بٹ کوائن کی پھر اونچی اڑان، قیمت50 ہزار ڈالر سے زائد
رقم کی منتقلی سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند سطح تک پہنچنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے ممبر ممالک کے لیے قرض کی منظوری دی تھی۔ ممبر ممالک کے لیے 650 ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری دی گئی تھی۔