اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف جب تک چاہیں بیرون ملک رہ سکتے ہیں۔
ممتاز بھٹو مرحوم کے گھر آمد کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممتاز بھٹو میرے والد صاحب کے کولیگ تھے،ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا حق ہے جہاں چاہیں علاج کرائیں،انہیں حکومت نے ہی اجازت دی تھی اب کہہ رہے ہیں واپس آوَ۔ ملک میں جابروں کی حکومت ہے اس لیے وہ یہاں سے دور ہی رہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ملک اسلامی حکومت کیلئے معرض وجود میں آیا تھا، آج بھی 73 کے آئین کے تحت پاکستان کی نظریاتی حیثیت بالکل واضح ہے، آئین اس ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت ہم پر مسلط ہے وہ ناجائز ہے، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔