وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن ہمسایہ ممالک اور خطے کے لیے ضروری ہے۔
ازبکستان بزنس فورم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان اور ازبکستان ریلوے منصوبے سے خطے میں انقلاب آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ازبکستان اور پاکستان میں تجارتی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ سرکاری دورے پر ازبکستان پہنچے ہیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ وزیراعظم ازبک صدر شوکت میرزییو کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا اعلی سطح وفد وزیر خارجہ اور کابینہ ارکان پر مشتمل ہو گا۔ پاکستان سے کاروباری برداری کا بڑا گروپ بھی تاشقند جائے گا۔
پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت، اقتصادی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہو گی۔ پاک، ازبک قیادت علاقائی اور عالمی امور پر بھی زیر غور کرے گی۔
دوطرفہ سطح پر متعدد معاہدات اور یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیراعظم پہلے پاک، ازبک بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔
دوطرفہ سطح پر مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس آج ہو گا۔ پاک، ازبک مشترکہ بزنس کونسل کا پہلا سیشن بھی آج منعقد کیا جائے گا۔ وزیراعظم’’وسطی، جنوبی ایشیائی علاقائی ربط‘ پر کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

