وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم چلائیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم بارہ جولائی کو میرپور، 18 جولائی کو باغ اور 23 جولائی کو مظفرآباد میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔
وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور اور صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں انتخابی مہم پر بریف کیا ۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں گے۔
این سی او سی: آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش
خیال رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11 ویں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔
آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن کے مطابق آزادکشمیر کے 33، مہاجرین جموں کشمیرکے 12 حلقوں میں انتخابات ہوں گے اور اس الیکشن میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیاگیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں 28 لاکھ17 ہزار 90 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 747 ہے۔