لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار کا خاندان ارب پتی ہے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 10 روز پہلے میری پریس کانفرنس پر کچھ لوگوں نے معافی مانگنے اور 25 کروڑ روپے کا نوٹس بھیجا تو معافی کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا بلکہ عثمان بزدار کو 12 کروڑ عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ نوٹس پر عدالت سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپیل کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے جون 2018 میں 10 لاکھ سے کم اثاثہ جات ڈیکلیئر کیے اور 2015 سے 2017 تک کوئی ٹیکس نہیں دیا۔ عثمان بزدار نے کہا لگژری گاڑی انہیں کسی نے تحفہ دی تھی اور اس تحفے کے بدلے ان سے کیا لیا گیا ہو گا یہ اہم حقیقت ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس وقت عثمان بزدار کا خاندان ارب پتی ہے۔ طاہر خورشید زیادہ قصور وار نہیں ہیں وہ وہی کرتے ہیں جو ان کے ماسٹرز کرنے کو کہتے ہیں یا ان کو بنی گالہ سے فون آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے اثاثے یا تو فرنٹ مینوں کے نام ہیں یا پھر ڈیکلیئر نہیں ہیں۔ طاہر خورشید وہی کچھ کرتے ہیں جو کہا جاتا ہے۔ نیب نے انہیں نوٹس بھیج دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کسانوں کو کاروبار کیلئے مالی مدد فراہم کریں گے، وزیر خزانہ
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ عمران خان کو پتہ نہیں چل رہا پنجاب میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ کیسے فروخت ہو رہی ہیں۔ چیئرمین نیب کہیں تو ثابت کریں کہ وہ غیر جانبدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف اہم انکشافات سامنے ہے آئے ہیں اب چیئرمین نیب کب نوٹس لے رہے ہیں؟ جس عثمان بزدار کی 2017 تک کی سالانہ انکم 3 لاکھ 88 ہزار تھی آج وہی خاندان اربوں روپے کا ملک بن گیا ہے۔ یہ تین، چار سالوں میں کون سا ایسا جادو کا چراغ مل گیا جس سے یہ ارب پتی بن گئے۔ قوم کو بتانا ہو گا یہ پیسا کہاں سے آیا ہے۔