بھارت میں کورونا سے اموات 3 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

کورونا:دنیا میں کورونا سے 17 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد متاثر

نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس کا زور اپنے عروج پر ہے اور اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں کورونا روزانہ کی بنیاد پر تیزی سے پھیل رہا ہے جسے بھارتی حکومت کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

بھارت میں اب تک 2 کروڑ 67 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ روز بھی بھارت میں 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 4 ہزار 4 سو سے زائد افراد کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔

بھارت میں اب تک کورونا سے متاثرہ 2 کروڑ 37 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 27 لاکھ 27 ہزار سے زائد ایکٹیو کیسز موجود ہیں۔ بھارت اس وقت دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ممالک کے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 کروڑ 75 لاکھ 27 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ اموات کی تعداد 34 لاکھ 78 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں 16 کروڑ 75 لاکھ سے زائد افراد متاثر

دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 14 کروڑ 85 لاکھ 44 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 55 لاکھ 5 ہزار سے زائد ہے۔

امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 6 لاکھ 4 ہزار 87 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 3 کروڑ 38 لاکھ 96 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔


متعلقہ خبریں