وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اگر جہانگیر ترین نے غیر قانونی کام نہیں کیا تو وہ سرخرو ہوجائیں گے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضے سب کیلئے پورے ہونے چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سیاست کی بنیاد ہی انصاف ہے، قانون کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے ہی وزن تلے دب چکی ہے،ان کی تحریک ختم ہو چکی ہے اور اس وقت سیاسی ہلچل کم ہے، کہیں پر بھی کوئی خطرہ نہیں حالات سب ٹھیک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں پتہ نواز شریف کو خطرہ ہے کیونکہ وہ لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، اگر انہیں کوئی خطرہ ہے تو میرا مشورہ ہے کہ فوراً پاکستان آجائیں۔
سندھ حکومت کو گوٹھوں پر مبینہ قبضےکی وضاحت کرنی چاہیئے، اسد عمر
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب دیار غیر میں بیٹھے ہوئے ہیں، خدانخواستہ انہیں کچھ ہونہ جائے، وہ پاکستان آئیں، حکومت ان کی اچھے طریقے سے دیکھ بھال اور محفوظ جگہ پر رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جیل سب سے محفوظ جگہ ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ سندھ کے عوام سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ کورونا ویکسین لگوائیں، وفاقی حکومت نے تمام پاکستانیوں کے لئے ویکسین کا انتظام کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کروڑوں کی تعداد میں کورونا ویکسین ملک میں پہنچ چکی ہے،کورونا ویکسین لگوانی چاہیے، میرے اہلخانہ نے بھی لگوائی ہے۔