کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مدت پوری کی تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خدشہ ہے اگر عمران خان کا اقتدار اپنی مدت پوری کر گیا تو ملک دیوالیہ نہ ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والی حکومتیں دہائیوں تک ان زخموں کا ہرجانہ بھرتی رہیں گی اور کورونا وائرس سے پہلے ہی عمران خان ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکے تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسا حکمران کیسے ملک چلا سکتا ہے کہ جس کی باتوں کو کوئی سنجیدہ لینے تک کو تیار نہیں جبکہ آئندہ کئی نسلوں نے عمران خان کی تبدیلی کی خوف ناک قیمت ادا کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ملک کو خیراتی ادارے کی طرز پر چلانے کا تجربہ ناکام ہو چکا ہے۔ قیام پاکستان سے اتنی تباہی نہیں ہوئی جو عمران خان نے اکیلے پھیلائی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواری پرویز مشرف کی طرح لوٹ مار کے بعد لندن بھاگ جائیں گے۔