پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق تحفظات اور خدشات کا اظہار کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق اقدامات آئندہ انتخابات چوری کرنے کی تیاری ہے۔
حکومت آئندہ انتخابات بھی انجینئرڈ طریقے سے جیتنے کی کوششیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے بغیرثبوت چھوڑے دھاندلی کے امکانات ہیں۔ کئی ترقی یافتہ ممالک نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو ختم کردیا ہے۔
نیئربخاری نے کہا کہ سمندرپارپاکستانیوں سے متعلق ای وی ایم کے استعمال کا تجربہ کیا گیا جو ناکام ہوا تھا۔ پیپلز پارٹی ای وی ایم سے متعلق شدید تحفظات کا اظہارکرتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ نواز نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی مخالفت کر دی تھی۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے لیگی رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے کہا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن چوری کرنے کا نیا ذریعہ ہیں، انہیں کوئی اٹھا کر لے گیا تو کہاں سے ڈھونڈیں گے۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کی 9 جماعتیں پیپلز پارٹی سے خوش نہیں، شاہد خاقان عباسی
انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ڈسکہ الیکشن میں پریذائیڈنگ افسران کو اٹھانے والوں کو پکڑا جائے۔
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم متحد ہے، یہ نظام بدلنے کےلیے بنی ہے، حکومت پی ڈی ایم کے بجائے اپنی کارکردگی کی بات کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے اب تک ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا یے، کل کے اجلاس میں استعفوں پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا، پیپلزپارٹی کو سی ای سی سے مشاورت کیلئے وقت دیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ حکومت پی ڈی ایم کے بجائے اپنی کارکردگی بتائے،پی ڈی ایم ایک تحریک ہے جس کا مقصد ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہے۔