نئی دہلی: بھارت میں کورونا کی خطرناک صورتحال کے باعث متاثرہ مریض اسپتالوں کے باہر دم توڑنے لگے۔
بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث روزانہ ہی نئے ناقابل بیان سانحات کے ان گننت واقعات سامنے آ رہے ہیں۔
بھارت میں نوئیڈا کے ایک سرکاری اسپتال کی پارکنگ میں کورونا سے متاثرہ 35 سالہ خاتون دم توڑ گئی۔ خاتون کے اہلخانہ اسپتال انتظامیہ کی منتیں کرتے رہے تاہم اسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باعث خاتون کو اسپتال میں داخل نہیں کیا جا سکتا اور وہ کار پارکنگ میں تڑپ تڑپ کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
نوئیڈا کے جم اسپتال کی کار پارکنگ میں خاتون 3 گھنٹے تک اذیت میں مبتلا رہی لیکن اسپتال انتظامیہ نے اسے دیکھنے سے معذرت کر لی۔ خاتون بطور انجینئر نوئیڈا میں کام کرتی تھیں اور وہاں اکیلی رہتی تھی اور اس کے دو بچے اپنے والد کے ہمراہ مدھیہ پردیش میں رہائش پذیر ہیں۔
ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کءی گھنٹے اسپتال کے باہر موجود رہی لیکن انتظامیہ نے بے بسی کا اظہار کر دیا اور بلآخر خاتون کو مردہ قرار دے دیا۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ اسپتالوں میں آکسیجن اور بستروں کی کمی نہیں ہے تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
اترپردیش کے نوئیڈا اسپتال میں آکسیجن اور بستر کی کمی کے باعث مریض اسپتال کے باہر دم توڑ رہے ہیں اور مریضوں کو واپس گھر بھیجا جا رہا ہے۔