وفاقی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن سنٹرز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کے کورونا ویکسینیشن سنٹرز 13 مئی سے 15 مئی تک بند رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کورونا ویکسینیشن سنٹرز کی عید تعطیلات کی منظوری دیدی ہے۔
این سی او سی نے 40 سے 49 سال کے شہریوں کی کورونا وبا کے خلاف ویکسینیشن 3 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث 5 سے 20 مئی تک ان باوَنڈ مسافر پروازیں محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پروازوں کو محدود کرنے سے متعلق پابندی کا جائزہ 18 مئی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔
این سی او سی کے مطابق اجلاس میں ملک میں آکسیجن کی پیداوار اور سپلائی سے متعلق انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 6 ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور 5 ہزار آکسیجن سلنڈرز درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آکسیجن کی سپلائی موثر بنانے کیلئے لاہور میں لوہا مارکیٹ مصری شاہ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
این سی او سی اجلاس میں عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو گھر رہنے اور محفوظ رہنے پر زور دیا گیا۔ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند کرنے کے احکامات پہلے ہی جاری کیے جاچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کورونا ویکسین آئندہ ماہ سے پاکستان میں تیار ہوگی
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 150 اموات اور 5 ہزار 480 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 17 ہزار 680 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 15 ہزار 711 ہو گئی ہے۔
ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 89 ہزار 838 ہے اور 7 لاکھ 8 ہزار 193 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 8 ہزار 327 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 629، خیبر پختونخوا 3 ہزار 238، اسلام آباد 677، گلگت بلتستان 106، بلوچستان میں 233 اور آزاد کشمیر میں 470 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 74 ہزار 640، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 16 ہزار 523، پنجاب 2 لاکھ 98 ہزار 818، سندھ 2 لاکھ 81 ہزار 385، بلوچستان 22 ہزار 118، آزاد کشمیر 16 ہزار 931 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 296 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔