سول حکومت کی معاونت کیلئے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری


وزیرداخلہ شیخ رشید نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے سول حکومت کی معاونت کیلئے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کا حکم جاری کیا ہے۔ پاک فوج کورونا سے بچاوَ کیلئے ایس اوپیز پرعملدرآمد کرانے میں مدد کرے گی۔

پاک فوج کے ساتھ رینجرز کی خدمات لینے کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی جائے گی جو انتظامیہ کی مدد کرے گی۔

اس کے علاوہ پاک فوج گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور اسلام آباد میں انتظامیہ کی مدد کرے گی۔

اس ضمن میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے این سی سی اجلاس میں فوج کی خدمات لینےکا فیصلہ کیا تھا،آج وزارت داخلہ کی جانب سےنوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں فوج کو لانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے فوج کی مدد لینے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں 3 چارلاکھ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں ، قبرستان اور شمشان گھاٹ ایک ہی منظر پیش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے پولیس کے ساتھ فوج سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے، ماسک پہننے کی پابندی اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ  فوج سے بھی مدد لی جائے گی۔

وزرا کے ہمراہ براہ راست قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ  کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہم نے بہترین حکمت عملی سے کورونا پر قابو پایا تھا۔ ہم نے احتیاط نہ کی تو 2 ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہوجائیں گے۔


متعلقہ خبریں