دلچسپ مقابلے کے بعد زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے آٹھویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 199 رنز کا ہدف اننگز کے آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

بڑے ہدف کے تعاقب کے لیے زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا۔

رنز بنانے کے دباؤ میں کامران اکمل اپنی وکٹ جلد کھو بیٹھے، انہیں شنواری نے تین رنز پر آؤٹ کیا۔

اس دوران ٹی کے کاڈمور امام الحق کا ساتھ دینے آئے مگر وہ بھی جلد ہی چلتے بنے، انہیں ڈیل اسٹین چار کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔

اوپر نیچے دو وکٹیں کھونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے حیدر علی آئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت داری قائم کی۔


حیدر علی 50 جب کہ امام الحق 41 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک، ردرفورڈ اور کپتان وہاب ریاض نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور ٹیم کو اننگز کے آخری اوور میں جیت دلا دی۔

اس سے پہلے پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور ڈیلپورٹ نے کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جب ڈیلپورٹ محمد عمران خان کی گیند پر امام الحق کو کیچ تھما بیٹھے۔

دوسری وکٹ کے لیے فاف ڈوپلسی اور صائم میں 33 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ دونوں بلے باز کریز پر سیٹ لگ رہے تھے کہ اس دوران صائم رن آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے اور انہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

ان کا ساتھ اعظم خان نے دیا جنہوں نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود 3 ،وہاب ریاض 2 اورمحمد عمران نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل 6 کا فائنل کو جیتے گا؟ میاں مٹھو نے بتادیا

پی ایس ایل 6 میں پشاور زلمی نے دو میچ کھیل رکھے ہیں جن میں سے ایک میں کامیابی اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو میچ کھیلنے کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتا کھولنے میں ناکام رہی ہے۔


متعلقہ خبریں