اسلام آباد میں ڈاکوؤں کی سرعام فائرنگ، ایک شخص زخمی


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کی حدود میں دن دیہاڑے دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ  سے جیولری شاپ کا گارڈ زخمی ہوگیا۔ سیکیورٹی گارڈ کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون کے انتہائی قریب اور تھانہ آبپارہ سے چند گز کے فاصلے پر میلوڈی مارکیٹ میں مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

کار میں سوار پانچ افراد  میں سے دو افراد نے بھکاری کے روپ میں جیولری شاپ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اسلحہ دیکھ کر شاپ کیپر نے فائرنگ کردی جس کے جواب میں ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے واقع کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں ایک ملزم سیاہ جیکٹ پہنے رائفل اور دوسرا براؤن جیکٹ میں ملبوس ملزم پسٹل فائرنگ کرتا رہا۔ ملزمان کی فائرنگ سے گارڈ زخمی ہوگیا۔

مزید پڑھیں:کراچی :ڈکیتی کے لئے بینک میں آنے والا گروہ گرفتار

ذرائع کے مطابق 15 پر کال کرنے کے باجود اسلام آباد پولیس تاخیر سے موقع پر پہنچی جبکہ ملزمان سندھ نمبر کی کار میں تسلی سے فرار ہوگئے۔۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات تو دے دیے لیکن تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈاکو جیولری کی دکان لوٹنا چاہتے تھے۔ شہریوں نے واقع کی موبائل ویڈیو بنائی۔

خیال رہے کہ نئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے آتے ہی اسلام آباد سے پولیس کے ناکے ختم کر دیئے تھے جس کے بعد جرائم کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا تھا کہ پولیس کی گاڑیاں گشت کریں گی لیکن فی الحال ایسا نہیں ہوسکا۔ اسلام آباد کی مشہور مارکیٹ میلوڈی ڈاکوؤں کی سر عام فائرنگ نے وزیرداخلہ کے فیصلے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔


متعلقہ خبریں