میئر اسلام آباد کا انتخاب: ن لیگ نے میدان مار لیا


اسلام آباد: میئر اسلام آباد کے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ نواز نے میدان مارلیا۔ ن لیگی امیدوار پیرعادل شاہ گیلانی 43 ووٹ لیکر میئراسلام آباد منتخب ہوگئے۔

ن لیگی امیدوار کے مد مقابل اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک ساجد محمود 26 ووٹ حاصل کرسکے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے میئر کیلئے پولنگ شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔ پولنگ کا عمل اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 کے مئیر آفس میں جاری رہا۔

انتخاب جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر عادل گیلانی نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کوطاقتور بنائیں گے۔ کم وقت ہے اس میں اسلام آبادکے زیادہ سے زیادہ کام کریں گے۔ بجٹ کامعاملہ اسلام آبادہائیکورٹ نے حل کردیا ہے۔

اسلام آباد کے سابق میئر شیخ انصر عزیز کے استعفے کے بعد مئیر کی نشست خالی ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: ماحولیاتی آلودگی کیس: چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد کی سرزنش

میئر کےانتخاب کے لیے مجموعی طور پر 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جن میں پیرعادل شاہ نون لیگ اور ملک ساجد محمود پی ٹی آئی کے امیدوار تھے جبکہ اظہر محمود نت آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا۔ میئر کے انتخاب کیلئے 73 ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

میئراسلام آباد کےانتخاب کے لیے الیکٹورل کالج 80 کا ہے جس میں اسلام آباد کے 50 یوسی چیئرمین، 3 ڈپٹی میئرز نے ووٹ کاسٹ کیا۔

کل 17 مخصوص نشستوں کے عہدیداران نے بھی میئر کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کیا۔

الیکشن کمیشن نے میئر اسلام آباد کے ضمنی انتخاب کے لیے کمپلینٹ سیل قائم کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں