بلاول اور شہبازشریف نے مریم نواز اور فضل الرحمان کے اشاروں پر نہ چلنے پر اتفاق کیا، فیاض چوہان



وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو کی شہبازشریف سے جیل میں ملاقات کے دوران طے ہوا ہے کہ مریم نواز اور مولانافضل الرحمان کے اشاروں پر نہیں چلیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا جیل میں شہبازشریف اور بلاول نے کہا استعفوں سے مریم نواز اور مولانافضل الرحمان کا کچھ  جائے گا نہیں اور ہمارا کچھ رہے گا نہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا اپوزیشن سازش میں ناکام ہوچکی ہے۔ مولانا محمد خان شیرانی نے مولانافضل الرحمان کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا محمد خان شیرانی نے جھوٹوں کا پول کھول دیا۔ انہیں پارٹی کے اندورنی معاملات کا علم ہے۔ وہ جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما ہیں۔

وزیرجیل خانہ جات نے کہا کہ مولانا محمد خان شیرانی نے مولانافضل الرحمان سے متعلق حقائق بتادیئے ہیں۔  مولانا شیرانی نے بتادیا کہ پی ڈی ایم ذاتی مفاد کےلیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والے آج مانگے تانگے کی سیاست کررہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہیں ، مریم نواز نہیں۔

شہبازشریف اور بلاول میں اتفاق ہوا کہ استعفوں والی غلطی نہیں کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا مریم نواز کے ساتھ گھومیں پھریں جلسے کریں سربراہ پارٹی کا میں ہوں۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گزشتہ ہفتے شہبازشریف سے جیل میں ملاقات کی تھی۔

کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والی ملاقات کیلئے سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف، پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن اور قمر الزمان کائرہ بھی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ تھے۔

جیل حکام نے صرف بلاول کو شہبازشریف سے ملنے کی اجازت دی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان کن معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اس پر پارٹیوں کی جانب سے کوئی واضح بیان آیا تھا۔


متعلقہ خبریں