لاہور: وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی تو گرفتاریاں ہوں گی اور مقدمات بھی درج ہو سکتے ہیں۔
ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں سیاسی کارکن ہوں کارٹون نہیں، سب سمجھتا ہوں ان کے ارادے کیا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کر چکے، فیاض چوہان
میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم کو جلسے جلوس سے کچھ نہیں ملے گا۔
صوبائی وزیر نے پی ڈی ایم قیادت بشمول مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سے کورونا ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث سارے جلسے ملتوی کیے مگر پی ڈی ایم نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی نجی تقریبات میں ایس او پیز اور کورونا ٹیسٹ کی شرط لازم ہے مگر عوام کے ساتھ ان کا رویہ دیکھیں۔
وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، وفاقی وزیر اسد عمر نے اگر جلسہ کیا تو وہ بھی غلط کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا طارق جمیل کی مشاورت سے جیل ریفارمز کریں گے، فیاض چوہان
صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ 71کی جنگ سے زیادہ کورونا سے نمٹنے کے لیے جاری جنگ سخت ہے۔