کراچی: 5 اضلاع کے مخصوص علاقوں میں مائیکرو اور اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ


کراچی: کراچی میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث پانچ اضلاع کے مخصوص علاقوں میں 15 روزہ مائیکرو اور اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفکیشنز جاری کر دیے گئے۔

جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق کراچی کے پانچ اضلاع کے مختلف مقامات پر اسمارٹ اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن آج رات 12 بجے سے نافذالعمل ہوگا۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے چار سب ڈویژن میں گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور نیوکراچی میں  مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون ہوگا۔

گلبرگ کے گیارہ بلاکوں میں سے سات یوسز، نارتھ ناظم آباد کے سات بلاکسز کی پانچ یو سز، نیوکراچی کے چار سیکٹرز کی تین یوسز، ناظم آباد کے چارعلاقوں کی چار یوسیز میں چاردسمبرتک اسمارٹ اور مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون نافذ رہے گا۔

ضلع شرقی کےدو ٹاونز کی 14 یوسیز کے مخصوص علاقوں میں 5 دسمبر کی رات 12 بجے تک اسمارٹ اور مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون نافذ رہے گا۔

ضلع جنوبی کے ایک سب ڈویژن میں سول لائن میں سولہ کیسزکے بعد ڈیفنس اور باتھ آئی لینڈ کی چارگلیوں میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون کے دوران تین سے زائد افراد کے جمع ہونے پ ر بھی پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق خیابان مون، خیابان بدر، باتھ آئی لینڈ اور خیابان اتحاد کی مخصوص گلیوں میں لاک ڈاون ہوگا۔

مزید پڑھیں: موجودہ حکومت کورونا سے زیادہ بڑا خطرہ ہے، مولانا فضل الرحمان

ضلع غربی میں پانچ کیسزرپورٹ ہونے کے بعد دو مقامات پر 5 دسمبر کی شام سات بجے تک مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون کانفاذ رہے گا۔

ضلع کورنگی کے تین سب ڈویژن کی تین یوسز میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے۔ یو سی ایک کےعلاقے ماڈل کالونی، یوسی دو کے ناصرکالونی اور یوسی سات کےالفلاح  کی مخصوص گلیوں میں پانچ دسمبر شام سات بجے تک نافذالعمل رہے گا۔

مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون کےمخصوص علاقوں میں غیرضروری نقل و حرکت ہرقسم  کے عوامی اجتماعات اور تین سے   زائدافراد کے جمع ہونے  پا پابندی عائد ہوگی۔۔۔ گھر سے نکلنے والے افراد کو ماسک لازمی پہنا ہوگا۔

جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق مائیکرو اور اسمارٹ لاک ڈاون ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سفارش پر لگایا گیا ہے۔ مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون 21 نومبر سے 15 دسمبر تک نافذ رہے گا۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعداد وشمار  کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں اب تک 33 ہزار 239 کیسز اور 798 اموات، ضلع جنوبی میں 26 ہزار 708 کیسز اور 371 اموات، ضلع وسطی میں 17 ہزار 266 کیسز اور 507 اموات، ضلع ملیر میں 10 ہزار 403 کیسز اور 184 اموات، ضلع کورنگی میں 9 ہزار 198 کیسز اور 286 اموات، ضلع غربی میں 8 ہزار 706 کیسز جبکہ 238 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت سندھ  کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے ہونے والی اموات میں 85 فیصد کراچی سے رپورٹ ہوئی ہیں۔ سندھ کی 2799 اموات میں سے 2384 اموات کراچی سے ہیں۔

خیال رہے کہ  سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس  سے مزید 17 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 2816 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 199 نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 227  ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 859 کیسز رپورٹ ہوئے۔


متعلقہ خبریں