کورونا سے بچاؤ کیلیے انفرادی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ڈاکٹر فیصل سلطان

کورونا ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو انفرادی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاط لازمی ہے۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ روز این سی او سی اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کے اقدامات پر بات ہوئی، پاکستان میں دیگر ممالک کے نسبت کورونا کیسز کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، صدی کی خطرناک ترین وبا کا ایک سال مکمل

ان کا کہنا تھا کہ نیشن کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) ایک غیر جانب دار ادارہ ہے جو قومی مفاد میں بات کرتا ہے۔

معاون خصوصی صحت نے کہا کہ بہترین قرنطینہ سینٹر گھروں میں ہی ممکن ہے، کچھ شہروں میں ناقص نظام صحت کا مسئلہ اور کورونا وائرس کا دباؤ موجود ہے۔

فیصل سلطان نے پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ این سی او سی میں   مارکیٹوں کے اوقات کار اور دیگر معاملات پر بھی بات کی گئی، آئندہ ہفتے تعلیمی اداروں اور دیگر معاملات سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے2ہزار50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا سے 33اموات ہوئیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7ہزار193 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے3 لاکھ 24 ہزار 834 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور2 ہزار955 زیر علاج ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 5 ہزار 538 ہے اور وہاں ایک ہزار336 مریض زیر علاج ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد24 ہزار444 اور260 اموات ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کے3 ہزار686 مریض زیر علاج ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کیسزکی تعداد 42 ہزار 615 ہے اورایک ہزار 315 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک لاکھ 56 ہزار528 کورونا کیسز اور 2 ہزار 751 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی دوسری لہر: ملک بھر میں جلسوں پر پابندی عائد

سندھ میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد10 ہزار525 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار47 کورونا کیسز ہیں اور2 ہزار 492 اموات ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں