پاکستان میں ماسک پہننا لازمی قرار



اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہرکے پیش نظرحکمت عملی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ، سیکریٹری صحت  اور چاروں صوبوں کے نمائندے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے فیصلہ کیا گیا کہ شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر، وبا سے مزید14 اموات

این سی او سی کے مطابق ملک کے 11شہروں میں کورونا وباتیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔

کراچی، کوئٹہ ، لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی، حیدر آباد ، گلگت، مظفر آباد اور پشاور بھی کورونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک کے  چار ہزار  تین سو چوہتر علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں تمام صوبوں کو ایس او پیز اور ماسک پہننے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے باعث پابندیاں سخت کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج  شروع ہو چکی ہے۔ یومیہ کورونا کیسزکی تعداد 700 سے تجاوز کر چکی ہے۔

دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا۔ این سی او سی حکام کا کہنا ہے احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہو کر ہم کورونا کی دوسری لہرسے نمٹ سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں