کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف کارروائی سے انکار پر آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا۔
کراچی میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کیپٹن صفدر کی گرفتاری شرمناک ہے۔ معاملے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بے خبر رکھا گیا۔ سندھ حکومت معاملے میں اپنا موقف دے چکی ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ نے اس دعویٰ کے تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا۔ وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ سے سوال کیا گیا تو بولے، معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ حقائق سب کے سامنے لائیں گے۔
مزید پڑھیں: کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پی ڈی ایم پر حملہ ہے، مولانا فضل الرحمان
دریں اثنا کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پر سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی تھی۔ تحقیقات غیرجانبدارانہ ہوں گی۔ قوائد و ضوابط کی مکمل پاسداری کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کی مقامی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرلی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مزار قائد کی بےحرمتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے کیپٹن صفدر کے وکلا کی جانب سے چیک اور پراپرٹی کاغذات لینے سے انکار کردیا۔ عدالت نے کہا کہ پیپرزکی انکوائری کیلئے وقت درکار ہوگا۔
عدالت میں وکلا نے کیش پیسے جمع کرادیے۔ ایک لاکھ روپے کیش جمع کرانے پرعدالت نے رہائی کے احکامات دے دیے۔