شریف خاندان کی اربوں روپے کی کرپشن کے ثبوت سامنے آ گئے، شہزاد اکبر


لاہور: مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے اربوں روپے کی کرپشن کے ثبوت سامنے آ گئے ہیں۔

مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ایک اور کرپشن ریفرنس موصول ہوا ہے، خود کو خادم اعلیٰ کہنے والا اتنا بڑا منی لانڈرر ہو گا سوچا بھی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں 7 ارب روپے کے اثاثوں کا ریفرنس دائر ہو چکا ہے اور شہباز شریف اور ان کے حواریوں کے پاس دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہو گا۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ کم تنخواہ والے ملازمین کے نام پر اکاوَنٹس بنائے گئے اور رقم بھیجی گئی جبکہ ملازمین اور بے نامی لوگوں کے نام پر جعلی کمپنیاں بھی بنائی گئیں۔ یہ کاروبار کے بھیس میں کرپشن کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی قوم کوگمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور عدالت میں شہبازشریف چین کے حبیب جالب نظر آتے ہیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ کرتوت آپ کے پکڑے جا رہے ہیں لیکن الزام مجھ پرلگایا جا رہا ہے، شہباز شریف نے ٹوائلٹ کے نل سے کیمرے ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان شوگر مل کے لیے اظہر عباس کے اکاؤنٹ میں 1.67 ارب روپے جمع کرائے گئے اور ملک مقصور نامی چپراسی کے نام پر 3.7 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ ملک مقصود 2018 میں ملک سے فرار ہو گیا تھا اس کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے۔

منی لانڈرنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے مشیر داخلہ نے کہا کہ غلام شبیر کے اکاؤنٹ میں 1.57 ارب روپے جمع کرائے گئے جبکہ 12 ملازمین کے نام  پر 15 ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ وارث ٹریڈز میں بھی 1.32 ارب روپے جمع کرائے گئے جس کا مالک رمضان شوگر ملز کا چپڑاسی محمد وارث ہے جبکہ الفخری ٹریڈرز کمپنی چنیوٹ میں ایک فرنیچر والے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبل جعلی کمپنیاں بنائی گئیں جو ایس ای سی پی اور ایف بی آر سے رجسٹرڈ نہیں تھیں۔ 2010 سے 2018 کے دوران 6 جعلی کمپنیوں میں 7 ارب روپے ڈالے گئے۔ تفتیش کے دوران ایک شخص نے تسلیم کیا کہ ایک چیک شہباز شریف کو دفتر جا کر دیا تاہم وہ شخص جان کے تحفظ کی وجہ سے اپنا نام سامنے نہیں لانا چاہتا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مزید ایک ماہ کی مہلت مل گئی

شہزاد اکبر نے کہا کہ یہ جرائم پیشہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے کے پیسے لیتے تھے جبکہ ملازمین کے سارے اکاؤنٹ سلیمان شہباز دیکھتا تھا۔

مشیر داخلہ نے شہبازشریف سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو اپنے خاندا ن اور کاروبار کا علم نہیں تھا ؟ کیا آپ کا خاندان غیر ملکی شہریت حاصل کرچکا ہے ؟ آپ کے بیٹے کا بیرون ملک قیام کا اسٹیٹس کیا ہے؟ آپ کا گزر بسر کیسے ہو رہا ہے، لندن میں مکانات کے کرائے کہاں سے دیتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ یہ جو جلسے کررہے ہیں ان پر بھی ان کی جیب سے ایک پائی نہیں دی جا رہی۔


متعلقہ خبریں