لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جو کیس میرے خلاف بنایا گیا وہ وقت سے پہلے ہم نے اڑا دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں سے تصادم کا کوئی تصور نہیں بلکہ ہم تو ان کے استحکام کے قائل ہیں، جمہوری لوگ کسی ادارے سے جنگ کی بات نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہو گا جسے کامیاب کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی طرف سے پورے ملک میں جلسوں کا اعلان کیا گیا ہے، یہ کاروان آئین کی بالادستی کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خوشحالی ہمارا ہدف ہے، مہنگائی نےغریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
خیال رہے کہ سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ آج رائیونڈ جائیں گے جہاں مریم نواز اور ن لیگی رہنماوَں سے ملاقات کریں گے۔
بطور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ن لیگی رہنماؤں سے یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں شہبازشریف کی گرفتاری اور دیگررہنماوں پر غداری کے مقدمات پر تبادلہ خیال ہوگا جب کہ جے یو آئی وفد کو مریم نواز شریف کی جانب سے عشائیہ دیا جائے گا۔
ہم نیوز کے مطابق جے یو آئی پنجاب کی مجلس عمومی کا اجلاس بھی لاہورطلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کریں گے۔
جے یو آئی ف کے اجلاس میں ملک کی ابتر سیاسی صورتحال کے پیش نظرصوبہ بھر میں حکومت مخالف تحریک کو منظم کرنے اور آئندہ ماہ لاہور میں تاریخی کانفرنس کے انعقاد کے متعلق لائحہ عمل اور حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز لاہور پہنچے ہیں اور جے یو آئی کے اہم اجلاس راوی روڈ پر ہوں گے۔ اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک و دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔