ن لیگ باہر اور ش لیگ اندر چلی گئی، م لیگ کھیل کھیل رہی ہے، فیاض چوہان


لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان  نے کہا ہے کہ ن لیگ باہر اور ش لیگ اندر چلی گئی ہے، اب صرف م لیگ کھل کر اپنا کھیل کھیل رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے دنیا کے کسی بھی فورم پر جائیں مگر ان کو  این آراو نہیں ملے گا۔ شہبازشریف کی گرفتاری منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیسز میں ہوئی، شاہد خاقان عباسی گرفتار ہوئے تو ن لیگ والے ان کو خلیفہ کا درجہ دے دیں گے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ان کی کرپشن پر ہاتھ ڈالیں تو کہتے ہیں ریاست اور پارلیمنٹ خطرے میں ہے، اب ن لیگ والے محمود اچکزئی کا سہارا لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگی ملک دشمن عناصر سے ملاقات کو ٹھیک سمجھتے ہیں، پرویز رشید ملک دشمن طاقتوں کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

اس سے قبل وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لندن پہنچنے کے بعد ہمیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کوئی رپورٹ نہیں ملی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معائنے کے لیے دس افراد کا بورڈ تھا اور مجھے اپنے ڈاکٹرز پر مکمل یقین ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے  کہا کہ نواز شریف کا جو علاج ہم نے کیا اس کا اثر 6 سے 8 ہفتوں میں آنا تھا، ہمارے علاج سے لندن پہنچنے تک نواز شریف کی حالت بہتر ہوگئی۔۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک دفعہ پھر وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کو برطانوی حکومت کی مدد سے واپس لانا ہے، وزیر اعظم

اس حوالے سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر دوبارہ پاکستانی ہائی کمیشن کا نمائندہ وارنٹس کی تعمیل کے لیے گیا تھا لیکن وہاں موجود شخص نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے برطانیہ میں قونصل اتاشی کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی ختم کرنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ قونصل اتاشی کا بیان ریکارڈ کر کے آگے بڑھیں گے۔


متعلقہ خبریں