افغان مفاہمتی کونسل کےچیئرمین عبداللہ عبداللہ پاکستان پہنچ گئے



اسلام آباد: افغان مفاہمتی کونسل کےچیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ انتہائی اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفد کا استقبال کیا۔افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین کی دفتر خارجہ آمد پر شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ عبداللہ عبداللہ نے دفتر خارجہ کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

وزیراعظم عمران خان اورصدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقاتیں بھی ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ  کے شیڈول کا حصہ ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اوردیگراعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔  ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں خطاب بھی کریں گے۔ افغان مفاہمتی کونسل کےچیئرمین 3 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔

ان کے دورے میں افغان امن عمل کے تناظر میں بات ہوگی اور دو طرفہ تعلقات اور عوامی سطح پر روابط مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عبداللّٰہ عبداللّٰہ کے ہمراہ اسلام آباد آنے والے وفد میں افغان مفاہمتی کونسل کے اہم ارکان بھی شامل ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات بھیڈاکٹرعبداللّٰہ عبداللّہ  کے شیڈول کا حصہ ہیں۔

پاکستان روانگی سے قبل انہوں نے ٹویٹ کیا کہ اس دورے سے دونوں فریقین کو دوحہ میں ہونے والے افغانستان امن مذاکرات اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے لکھا مجھے امید ہے کہ اس دورے سے ہر سطح پر باہمی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔


متعلقہ خبریں