صدر عارف علوی نے چینی سفیر کو ہلال پاکستان کے ایوارڈ سے نوازا


اسلام آباد: صدرعارف علوی نے پاک چین تعلقات بہتر بنانے کی خدمات کے اعتراف میں چینی سفیر یاوجنگ کو ہلالِ پاکستان کے اعزاز سے نوازا ہے۔

اس ضمن میں منعقد کی گئی تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزراءاور حکومت پاکستان کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔

بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر نے ملاقات بھی کی۔ صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستحکم کرنے کے لئے سبکدوش ہونے والے سفیر کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ چین ہمارا ایک قریبی دوست ہے جس نے قومی مفاد کے تمام امور پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے علاقائی رابطوں میں اضافہ ہو گا اور خطہ کے ممالک خصوصاً افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو بے حد فائدہ ہو گا۔

صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان ری شیڈول کردیا گیا، چینی سفیر

انہوں نے کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے دورے کا منتظر ہے جس سے تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ چینی سفیر یاو جنگ کے دور میں بہت سے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے، چین خطہ میں امن اور روابط کو فروغ دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

چینی سفیر نے مارچ 2020ءمیں کووڈ کے دوران چین کا دورہ کرنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں