وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھکاری مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران ایک بڑے اور منظم نیٹ ورک کو پکڑلیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے بھکاریوں کیخلاف آپریشن کے دوران آٹھ ٹھیکداروں کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کی سرپرستی کرنے والے8پولیس اہلکار بھی پکڑے گئے ہیں۔
گرفتار پولیس اہلکاروں میں ایک اے ایس آئی، 2 ہیڈ کانسٹیبلز اور 5 کانسٹیبلز شامل ہیں تاہم ان کے نام اور ڈیوٹی کے تھانے کے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
اسلام آباد پولیس کا بھکاریوں کی سرپرستی کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ایکشن۔
8 ٹھیکیداروں کو گرفتار کر کے ٹھیکیداروں کی سرپرستی کرنے والے 8 پولیس ملازمین بھی گرفتار.
بھکاریوں کے بیان کے بعد پولیس کے 1 اے ایس آئی 2 ہیڈ کانسٹیبلز اور 5 کانسٹیبل کو گرفتار کیا گیا۔ pic.twitter.com/41qQCxTu5z
— Islamabad Police (@ICT_Police) September 12, 2020
ہم نیوز کے نمائندہ محمدظریف نے بتایا کہ ٹھیکیدار بھیک مانگنے کی آڑ میں منشیات فروشی کا کام بھی کرتے تھے۔ ٹھیکیدار مختلف بستیوں اور جھگیوں سے پانچ سو روپے دیہاڑی پر بچے کرائے پر لیتے تھے اور انہوں نے آپس میں علاقے تقسیم کر رکھے تھے۔
گزشتہ ماہ بھی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 100 سے زائد پیشہ ور بھکاری گرفتار کیے تھے۔ اسلام آباد کے تمام ٹریفک سگنلز، مارکیٹس، چوراہوں سے گرفتار بھکاریوں کو مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بھکاریوں کے خلاف بھکاری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور ان کو اب شخصی ضمانتوں پر رہا نہیں کیا جائے گا بلکہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف چالان مقامی عدالتوں میں پیش کیے جائیں گے۔ جرمانے ادا کرنے کے بعد یہ پیشہ ور بھکاری دوبارہ انہیں چوک چوراہوں پر نظر آتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں یہ بھکاری مختلف کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہیں، ان کو چلانے والے گروہ کو پکڑیں گے۔ بھکاریوں کے خلاف اس سے قبل بھی متعدد آپریشن کئے گئے لیکن وفاقی دارالحکومت میں بھکاریوں کی تعداد میں کمی نہیں آئی۔