کراچی: ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے 95 فیصد علاقوں میں بجلی معمول پر ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک نور افشاں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہر میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے کچھ علاقوں میں بجلی بحالی کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا رہا اور جن علاقوں میں بجلی بحال کا کام مشکل تھا وہاں لوگوں کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 50 فیصد سے زائد سب اسٹیشنز میں پانی داخل ہو گیا تھا تاہم سب اسٹیشنز سے پانی کی نکاسی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔ بارشوں کے دوران پانی گھروں کے بیسمنٹ میں بھی داخل ہوا تھا۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں تین روز گزرنے کے باوجود بجلی کی فراہمی متاثر ہے جن میں سرجانی ٹاؤن، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گڈاپ ٹاؤن، بن قاسم اور کلفٹن کے کچھ علاقے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا کوئی فائدہ نہیں، شاہد خاقان عباسی
بجلی بحال نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ہمیشہ سیاسی بیان بازی کی نذر ہو جاتا ہے، چوہدری شجاعت حسین
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی کے الیکٹرک کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہر کے 90 فیصد سے زائد علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔