کراچی: موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز متاثر


کراچی: موسلادھار بارش کے باعث شہرِ قائد کے متعدد علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہیں۔

کراچی میں بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں موبائل فون نیٹ ورک متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی تک نشیبی علاقوں میں بجلی کی بحالی ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش سے بجلی کی تنصیبات کو نقصان، ترسیل معطل

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفانی بارش سے بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا جس سے بیشتر علاقوں میں ترسیل معطل ہے۔

چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر(سی ڈی او) کے الیکٹرک کے مطابق نکاسی آب نہ ہونے سے مختلف گرڈ اسٹیشنز میں بھی پانی بھر گیا۔ پانی کھڑا ہونے سے چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔

کلفٹن اور ڈیفنس سمیت متعدد علاقوں میں کئی فٹ پانی موجود ہے اور پانی کھڑا ہونے کے باعث گاڑیاں متعلقہ جگہوں پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔

سی ڈی او کے مطابق چند نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے تحت بجلی بند کر دی گئی ہے اور عوام بجلی سے متعلق ایمرجنسی صورت حال کی اطلاع کے لیے118پر رابطہ کریں۔

کراچی کے بیشتر رہائشی علاقوں میں بجلی کی ترسیل بحال نہیں ہو سکی۔  گلشن اقبال بلاک 1 اور 4 میں 12 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

بفرزون سیکٹر 14 اور 16 میں گزشتہ 16 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ گلستان جوہر، بن قاسم، فیڈرل بی ایریا میں بھی 12 گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں بارش کے دوران حادثات، 18 افراد جاں بحق

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی نے بجلی کی متعدد تنصیبات کو متاثر کیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر اور بن قاسم میں پانی کی نکاسی تک بجلی بحال نہیں کی جاسکتی۔

امدادی ٹیموں کی متاثرہ علاقوں تک رسائی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے تاہم  نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نارتھ کراچی اور پاپوش نگر کے علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں