پنجاب کے 3 شہروں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

پنجاب کے 3 شہروں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

فائل فوٹو


اسلام آباد: پنجاب کے 3 شہروں میں کورونا وائرس کی وجہ سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاوَن لگا دیا گیا۔

مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے علاقوں میں لگایا گیا ہے۔ لاہور کے 12، راولپنڈی کے 3 اور گوجرانوالہ کے 2 مقامات پر 14 دن کے لیے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لاہور کے 12 مقامات سے 28 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور میں 19 ہزار 538 افراد کو لاک ڈاوَن کیا گیا۔

راولپنڈی کے 3 مقامات سے 7 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد راولپنڈی میں 947 افراد کو لاک ڈاؤن کیا گیا اور گوجرانوالہ کے 2 مقامات پر 53 افراد کو لاک ڈاوَن کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے پشاور میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر 4 علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں داخلے اور باہر جانے پر پابندی ہو گی تاہم اشیا خورونوش، ادویات، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 591 نئے کیسز اور 4 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسزکی تعداد صرف10 ہزار 694 رہ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں 8 لاکھ سے زائد اموات

این سی او سی کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 956 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر کیے گئے ٹیسٹوں کی تعداد 24 لاکھ 39 ہزار858 ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا سےمجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار235 ہوگئی ہے اور 2 لاکھ 75 ہزار 836 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر2 لاکھ92ہزار 765 افراد متاثر ہوئے۔


متعلقہ خبریں