عوام ایک پیج پر ہیں، عمران خان کو جانا پڑے گا، بلاول بھٹو


لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بٹھو نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اور عوام ایک پیج پر ہیں اور وزیراعظم عمران خان کو جانا پڑے گا۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ  پہلے ہم کراچی میں ملے تھے، آج مولانا سے لاہورمیں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں معیشت اوردیگر امور پربات ہوئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عید کے بعد اچھے نتائج ملیں گے۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سےملک بحران کا شکارہے۔ مشترکہ اپوزیشن کا وسط مدتی انتخابات کا فیصلہ ہو یا جو بھی ہم عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف صحت یاب ہورہے ہیں،آج میری ملاقات بھی ہوگی۔ آرمی چیف سے ملاقات پر رحمان ملک سے جواب مانگوں گا۔

عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس سی ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے ہوگا۔عید  کے بعد رہبرکمیٹی تجاویزمرتب کرےگی۔

مولانافضل الرحمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پرلائیں گے۔ 2سالوں میں حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔ حکومت  ہرشعبے میں ناکام ہوئی ہے۔ ہم موجودہ حکومت کوجائزنہیں سمجھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ممکنہ حکومت مخالف تحریک شروع کرنے سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے سے متعلق بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنما ملکی سیاست اور  اے پی سی کے ایجنڈے کے حوالے سے اہم مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو  قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما شہباز شریف سے انکی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن میں چھ بجے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے ملاقات میں اے پی سی کے ایجنڈے کے حوالے سے اہم مشاورت کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری لاہور میں قیام کے دوران مختلف رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ملاقات کی تھی اور دونوں رہنماوں نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا تھا۔

دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ گندم کی قلت ہر طرف نظر آرہی ہے۔ لوگ گندم کی قلت کے باعث چکی کا مہنگا آٹا لینے پر مجبور ہیں۔

مزید پڑھیں: ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا عید کے بعد اے پی سی بلانے پر اتفاق

انہوں نے کہا تھا کہ حالیہ ہفتوں میں چینی کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوا۔ گندم کی کٹائی کا سیزن ابھی ختم ہوا اورقلت پیدا ہوگئی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اس حکومت کی ناکامی کی مثال ہے۔ ان دو سالوں میں مہنگائی آسمان پر پہنچی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ موجودہ حکومت میں مہنگائی میں بہت اضافہ ہواہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بدترین گورننس کی مثال نہیں ملتی۔

شہبازشریف نے کہا تھا کہ متحدہ اپوزیشن سے متعلق مولانا صاحب سے بات ہوئی۔ عید کے بعد اےپی سی بلائی جائے گی، غوروفکرکے بعد آئندہ کالائحہ عمل طےہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ عید کے بعد رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ خوشی ہے شہبازشریف کوصحت منددیکھ رہاہوں۔ شہبازشریف نےجوباتیں کیں اس کی تائید کرتاہوں۔

مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی سےآئی ہے۔ حکومت ہرحوالے سے ناکام ہوچکی ہے، ہرطبقہ پریشان ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہرطبقہ مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہے۔ ڈاکٹرز،اساتذہ اوروکلاسب مایوسی کا شکارہیں۔ مزیدخاموش نہیں بیٹھیں گے،عید کے فوری بعد رہبرکمیٹی کا اجلاس ہوگا۔


متعلقہ خبریں