لاہور:شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو خاندان کا امیر ترین فرد ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہباز کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔
نیب دستاویزات کے مطابق سلمان شہباز کی مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور اربوں روپے کے شیئرز ہیں۔
سلمان شہباز کے پاس چنیوٹ پاور کمپنی میں ایک ارب 70 کروڑ 86 لاکھ 36 ہزار کے شئیرز ہیں۔ خاندان کی16 کمپنیوں میں 2 ارب 56 لاکھ 22 ہزار 700 شیئرزکے مالک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نیب نے سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کر لی
نیب کے مطابق سلمان شہباز نے 8 کمپنیوں میں 51 کروڑ 15 لاکھ 97 ہزار 806 روپے کی سرمایہ کاری کی ہے
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے بیٹے کے پاس کروڑوں روپے مالیت کی 209 کنازل زرعی اراضی ہے۔
سلمان شہباز کے پاس موجود زرعی اراضی چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ میں ہے۔
سلمان شہباز کے پاکستان میں ذاتی 10 بینک اکاؤنٹس اور لندن میں ایک ہے۔ شریف پولٹری، شریف ڈیری، شریف پولٹری فارمز، شریف ملک پروڈکٹس میں بھی ان کے شئیرزہیں۔
مدنی ٹریڈنگ، مدینہ کنسٹرکشن، رمضان شوگرمل، چنیوٹ پاور، کرسٹل پلاسٹک، حمزہ سپننگ، رمضان انرجی اور اے جی انرجی میں بھی شئیر ہولڈر ہیں۔
منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے جب کہ تمام منقولہ اور غیرمنقولہ جائیداد عدالتی حکم پر ضبط کرلی گئی ہے۔
نیب کی زیرحراست دو وعدہ معاف گواہوں، آفتاب محمود اور شاہد رفیق نے شہباز شریف اور ان کے دونوں صاحبزادوں کے لیے منی لانڈرنگ کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
دونوں وعدہ معاف گواہوں نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں کے کہنے پر پاکستان میں 24 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم ٹی ٹی کے ذریعے منتقل کی تھی۔