صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں پاکستان کی دوسری بڑی اونٹوں کی منڈی سج گئی۔
اس منڈی میں مختلف رنگ اور نسل کے اونٹ خرید و فروخت کے لیے لائے گئے ہیں مگر بیوپاری خریداروں کے نہ ہونے اور خریدار مہنگائی سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، گرفتاریاں ، جرمانے
اونٹ مالکان کا کہنا ہے کہ ہم سارا سال محنت کرتے ہیں اونٹوں کو چارہ، چنا، دلیہ اور بہت کچھ کھلاتے ہیں مگر یہاں خریدار محنت کا صلہ دینے کے لیے بھی تیار نہیں آدھی قیمت لگاتے ہیں، ڈیڑھ لاکھ افراد اونٹ کا ایک لاکھ لگاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منڈی میں خریدار آتے تو ہیں لیکن مہنگائی کا شکوہ کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری جانب منڈی میں اونٹ خریدنے آنے والے جمیل نامی خریدار کا کہنا تھا کہ یہ اونٹوں کی دوسری بڑی منڈی ہے چکر لگا کر آ گئے ہیں قمیتیں بہت زیادہ ہیں سمجھ نہیں آرہا کیا کریں اور کورونا کی وجہ سے بھی بہت پریشان ہیں۔
اخترنامی خریدار نے کہا کہ یہ ڈیرہ غازی خان کی اونٹوں کی بہت بڑی منڈی ہے لیکن قیمتیں بہت زیادہ ہیں اور ہماری قوت خرید سے باہر ہیں ایک لاکھ کی قیمت والے اونٹ کا دو لاکھ مانگ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں جانوروں کو خریداروں کا انتظار
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ عید سے پہلے جانور بک گئے تو خوشی خوشی گھر جائیں گے، ورنہ جانور سستے بیچ کر گھر کی راہ لینا ہو گی۔