سابق کرکٹر شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا



پشاور: سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی کا بھی کوورنا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گیے پیغام میں انہوں نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع دی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ گزشتہ دو دن سے طبیعت ناساز تھی، کورونا ٹیسٹ کروایا تو مثبت آگیا۔

سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے قوم سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

اسپیکر مشتاق غنی کے خاندانی ذرائع نے ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ مشتاق غنی گھر پر قرنطینہ ہو گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مشتاق احمد غنی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشتاق غنی اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا

محمود خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مشتاق غنی اور ان کے گھر والوں کو وباء سے جلد صحت یاب فرمائے۔

ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالی ہم سب کو اس وباء سے محفوظ رکھے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرائن: صدر کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اس سے پہلے  وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی اراکین اسمبلی میں کورونا ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی تھی۔ سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں