لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی یا توسیع کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پارکس کھولنے اور 15 رمضان سے لاک ڈاؤن ختم کرنے سے متعلق خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے سوشل میڈیا اور کچھ چینلز پر چلنے والی خبروں پر کان نہ دھریں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید
فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ 5 مئی کو حکومتِ پنجاب نے 5030 ٹیسٹ کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے سے وائرس کے اثرات سمجھنے اور بہتر فیصلہ کرنا ممکن ہو سکے گا۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سردار عثمان بزدار تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ مئی کے آخری ہفتے میں صورتحال کا جائزہ لے کر کرے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 526 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 22 ہزار 5 سو 50 تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,049 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 40 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے فنکاروں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کر دیا
ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 217 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا کے اب تک 8 ہزار 189 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 8 ہزار 420، خیبرپختونخوا 3,499، بلوچستان 1,495، اسلام آباد 485، آزاد کشمیر 76 اورگلگت بلتستان میں 386 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 194 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 148، پنجاب میں 156، بلوچستان 21، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔