وفاقی کابینہ، چھوٹے تاجروں کے لیے پیکج کی منظوری



اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لئے 75 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ متعدد نکات کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت چھوٹے کاروباری حضرات کے لیے 3 ماہ تک بجلی کا بل معاف کرے گی جبکہ کابینہ نے لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر مفصل بریفنگ بھی دی گئی اور کابینہ نے وائرس پر قائم قومی تعاون کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

اجلاس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کورونا سے متاثرہ صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون اطلاعات عاصم سلیم باجوہ کو پہلا ٹاسک سونپ دیا۔

اس سے قبل ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کنسٹرکشن انڈسٹری کو مراعاتی پیکیج دینے کے لیے آرڈیننس کی منظوری دی گئی تھی۔

آرڈیننس کے مطابق سیمنٹ اور اسٹیل کے علاوہ تمام مٹیرئیل پر کوئی ودہولڈنگ ٹیکس نہیں ہوگا۔ فی مربع فٹ/فی مربع گز کی بنیاد پر فکس ٹیکس کا نفاذ ہوگا جب کہ سروسز(خدمات) کی فراہمی پر ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ نہیں ہوگا۔

بلڈرز اور ڈویلپرز جتنا ٹیکس ادا کریں گے اس کا دس گنا آمدن /منافع کا کریڈٹ وصول کر سکتے ہیں۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے کم لاگت والے گھروں کے لئے ٹیکس کو نوے فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا

اس سکیم کا اطلاق 31دسمبر2020سے پہلے شروع کیے جانے والے منصوبوں اور موجودہ نامکمل منصوبوں پر ہوگا جو اس سکیم کے تحت ریجسٹرڈ ہوں۔


متعلقہ خبریں