لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فنڈ کی پائی پائی حقداروں تک پہنچائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر نیاز احمد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو کورونا کنٹرول فنڈ میں 30 لاکھ روپے کا چیک دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل حالات میں بھی ہر چیلنج پر پورا اتری ہے، آزمائش کے وقت مدد کرنے والوں کو دنیا اور آخرت دونوں جگہ اجر ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ محروم معیشت طبقات کے لیے مدد کرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے جبکہ مخیرحضرات، کاروباری شخصیات اور دیگر افراد دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شہریوں کا گھروں میں رہنا ضروری ہے۔ سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہر ایک کی حفاظت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 224 ہو گئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد10513 ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے742کیسز رپورٹ ہوئے اور 15مریض جان کی بازی ہار گئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ4590مریض ہیں۔ سندھ میں 3373، خیبرپختونخوا1453، بلوچستان552، گلگت بلتستان290، اسلام آباد204 اور آزادکشمیرمیں 51مریض ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں 1لاکھ84ہزار سے زائد اموات
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سےسب سے زیادہ 83 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 69، پنجاب میں58، بلوچستان 8، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔
پنجاب میں 216 علاقوں کو ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دے کر سیل کر دیا گیا ہے جب کہ لاہور کے 12 علاقے بھی سیل کر دیئے گئے ہیں۔
ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔