کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے66 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اورمزید4 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کوروناوائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موبائل ٹیم کے ذریعے کچی آبادیوں میں1700ٹیسٹ کیے ہیں جن کے نتائج کل تک آئیں گے۔
مرادعلی شاہ نے بتایا کہ اس وقت 671 مریضوں کو گھروں میں آئیسولیٹ کیا گیا ہے، 58مریض آئیسولیشن مراکزاور227 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
سندھ میں مزید 8 افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔ سکھر آنے والے 280 زائرین میں سے 274 گھر واپس جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا کے پازیٹو رزلٹ کی شرح 20فیصد
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کراچی کے شدید متاثرعلاقوں کو سیل کردیا گیا ہے اور ان علاقوں میں ٹیسٹ کرنے کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ اپنے بزرگوں کو کسی صورت باہر نہ نکالیں، وائرس کا شکار بزرگ افراد میں اموات کی شرح زیادہ ہے۔
لاک ڈاؤن کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی جس کا اعلان ہوجائے گا، میرا پیغام ہے حکومت جو بھی ایس او پی بنائےاس پرعمل کیا جائے۔
سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 68.3 فیصد مرد ہیں جب کہ 31.7 فیصد خواتین ہیں۔ کراچی میں وائر س سے متاثر ہونے والے ڈاکٹرز اور اسٹاف کی تعداد پچیس ہوگئی ہے۔ صوبے میں یومیہ تین ہزار پانچ سو بیس ٹیسٹوں کی گنجائش ہے۔