راولپنڈی: پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقبوضہ کشمیر میں انڈین فورسز کی جارحیت کی بھرپور مزمت کی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی کے حالیہ واقعات کے متعلق پاک فوج کے سربراہ کا بیان پیر کے روز شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے جاری کیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی دیکھیں: بھارتی جارحیت کے دوران مقبوضہ کشمیر میں 17 شہید، بیشتر نوجوان
پاکستانی فوج کے سربراہ نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدوں کی خلاف ورزیوں کی بھی بھرپور مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد کو متزلزل نہیں کر سکتی۔
پاکستانی سپہ سالار کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی فورسز نے 17 کشمیریوں کو ایک ہی روز میں شہید کر دیا۔ بدترین درندگی کے دوران اب تک 200 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
طبی مراکز کے ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بڑی تعداد ان نوجوانوں کی ہے جنہیں پیلٹ گن سے نشانہ بنا کر بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے۔