کراچی: کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سندھ حکومت نے کراچی میں چلنے والی آئن لائن بس سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ نجی آن لائن بس سروسز پیر سے عارضی طور پر معطل رہے گی۔ بس سروس چلانے والی نجی کمپنیاں پیر سے 15 دن تک اپنی سروس معطل رکھیں گی۔
وزیرٹرانسپورٹ سندھ نے فاقی وزیر ریلوے سے بھی مطالبہ کیا کہ کراچی اور دوسرے صوبوں کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس بند کردی جائے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں181 افراد کورونا وائرس سے متاثر
اویس شاہ کا کہنا ہے کہ دیگر صوبوں سے مسافر سندھ آرہے ہیں جس سے کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔ مسافروں کے لیے ریلوے کے پاس ماسک ہیں اور نہ ہی کوئی سہولیات۔ ٹرینوں میں روزانہ ہزاروں مسافرسفر کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر اویس شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے۔ 15 دن کے لیے دیگر صوبوں سے مسافروں کا سندھ میں داخلے پر پابندی لگادی جائے۔ پابندی کے بعد سندھ سے بھی مسافر دیگر صوبوں میں نہیں جاسکیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کراچی کےاندر چلنے والی بسوں میں سیٹ کے مطابق مسافر بٹھائے جائیں۔ ہاتھ صاف اور گاڑیوں میں سینی ٹائزر رکھےجائیں۔