پیرس: کورونا وائرس نے فرانس میں مزید 15 افراد کی جان لے لی۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 637 ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران فرانس میں مزید 497 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 281 ہو گئی۔
کورونا وائرس دنیا کے 122 ممالک تک پہنچ گیا جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ، 26 ہزار 513 ہو گئی۔ برطانیہ کے مزید 73 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد برطانیہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 456 ہو گئی۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 827 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 354 ہو گئی۔ اٹلی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 28.3 ارب ڈالر مختص کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، امریکہ کا یورپ پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان
کورونا وائرس سے چین میں مزید 11 افراد ہلاک ہونے کے بعد صرف چین میں اموات کی تعداد 3 ہزار 169 تک پہنچ گئی۔ دنیا بھر میں 68 ہزار 317 کورونا وائرس کے مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے نئی پابندیوں کا اطلاق کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ 30 دن کے لیے یورپ سے امریکہ آنے والوں کے لیے تمام طرح کا سفر معطل رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پابندیاں سخت ضرور ہیں لیکن ان کا اطلاق برطانیہ پر نہیں ہو گا۔ وائرس کے نئے کیسز کو روکنے کے لیے یورپ سے امریکہ کے ساحل کا سفر بھی 30 دن کے لیے معطل رہے گا۔