’بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، اس خطہ جنت نظیر کے سنگین حالات سے دنیا کے تمام ممالک اور متعلقہ اداروں کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔

وزارت خارجہ میں جموں وکشمیر کی صورتِ حال پر مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمر میں لاک ڈائون کو 214 دن گزرچکے ہیں، کئی ممالک کی پارلیمان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پراہم قراردادیں منظورکرچکی ہیں۔

مزید پڑھیں : پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا، وزیر اعظم

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ علم وتحقیق کے شعبے کو بھی مقبوضہ کشمیر کے حالات سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارت کا عدم برداشت پرمبنی رویہ خطے کے امن واستحکام کے لیے خطرناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام، سینیٹرمشاہد حسین سید اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے، جموں وکشمیر کے لیے خصوصی نمائندگان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ مودی سرکار نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا اور اب وہاں غیرریاستی افراد کوبسانے کا گھنائونا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔

اس حوالے سے غیرریاستی افراد کو وادی میں زمین خریدنے کی طرف راغب کرنے کےلیے سرمایہ کاری کانفرنس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

کشمیر چیمبر آف کامرس کے مطابق گزشتہ سال 5 اگست کے بعد سے اب تک کشمیریوں کو 2 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچ چکا ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp