لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندر کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔
پی ایس ایل5: افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا
ہم نیوز کے مطابق لاہور قلندر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے ملتان سلطانز کو 139 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
میچ کے آغاز سے قبل جب ٹاس ہوا تو وہ ملتان سلطانز نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو متعدد مبصرین کے لیے حیران کن تھا۔
فخر زمان اور کرس لین نے لاہور قلندر کی جانب سے بیٹنگ کا اچھا آغاز کیا۔ لاہور قلندر کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب کرس لین 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت تک ٹیم پہلی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنا چکی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا دھچکہ، عمر اکمل پی ایس ایل سے باہر
کرس لین کے بعد کوئی کھلاڑی بھی جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔ کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کی وجہ سے لاہور قلندر بڑا اسکور کرنے میں ناکام ثابت ہوئی حالانکہ کپتان سہیل اختر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ وہ 34 رنز بنا سکے۔
ہم نیوز کے مطابق لاہور قلندر نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے جسے کرکٹ مبصرین نے بڑا اسکور قرار نہیں دیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے نمایاں باؤلرز میں معین علی، عمران طاہر اور محمد الیاس نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ملتان سلطانز کی قیادت شان مسعود کررہے ہیں۔
پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلا میچ تھا جسے ملتان سلطانز نے جیت لیا۔
پی ایس ایل افتتاحی تقریب: کس فنکار نے کیا کہا؟
پانچویں ایڈیشن کے اس سے قبل دو میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جب کہ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست سے دوچار کیا ہے۔