امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق پاپوا نیو گنی میں آج 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
یو ایس جی ایس نے بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے آیا تھا جس کی زیر زمین گہرائی 19 میل تھی اور یہ دارالحکومت کو کو پو سے 75 میل دور واقع مقام پر آیا تھا۔
مزید پڑھیں: انڈونیشیا میں زلزلے سے 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی
سمندر سے قریب ہونے کے باوجود مقامی انتظامیہ نے سونامی وارننگ جاری نہیں کی۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کے مرکز کے قریب رہنے والے لوگوں نے شدید جھٹکے محسوس کیے ہوں گے تاہم اس علاقے میں زیادہ آبادی نہ ہونے کی وجہ سے نقصان نہیں ہوا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں ایک سال کے دوران اتنی شدت کے ایک یا دو زلزلے آتے رہتے ہیں۔
زلزلے کی صورت میں خود کو کیسے بچائیں؟
شدید زلزلے کی صورت میں کمرے سے باہر بھاگنے کی کوشش کرنا خطرناک ہے کیوں کہ اس سے گرنے اور چوٹ لگنے کا اندیشہ رہتا ہے۔
ایسی صورت میں دروازے کے نیچے، کھڑکی کے قریب اور سیڑھیوں پر یا ان کے نیچے کھڑا ہونا بھی خطرناک ہے۔
زلزلہ آنے کی صورت میں فوری طور پر زمین پر بیٹھ جائیں، اگر قریب ہی کوئی مضبوط میز، بیڈ یا ایسا فرنیچر ہے جس کے نیچے چھپا جا سکے تو رینگ کر اس کے نیچے ہو جائیں۔
مزید جانیں: زلزلہ: میرپورآزاد کشمیر میں آفٹر شاکس، جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی
دوسری صورت میں کسی کونے میں بیٹھ کر سر اور گردن کو ہاتھوں سے چھپا لیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ افراد زلزلے کے دوران گرنے یا دیواروں پر لگی بھاری اشیا گرنے سے زخمی ہوتے ہیں۔
اگر زلزلے کے دوران عمارت سے باہر ہیں تو عمارت سے دور کسی کھلے مقام پر پہنچ جائیں۔
ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی ایک طرف روک دیں۔