سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ماضی میں جمہوریت کے نام پرعوام کا استحصال کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا عوام سے احساس اور درد کا رشتہ ہے۔ عمران خان نے قوم سے نظام کو بدلنے اور استحصالی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پرعمل پیرا ہو کر قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر رہی ہے جبکہ ملک کو مشکلات سے نکالنے والے صرف عمران خان ہیں باقی سب سیاسی بہروپیے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان ہی ملک کو خوشحالی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان معاشی محاذ پر جدوجہد کر رہے ہیں اور اُن کا وعدہ ہے کہ مافیا کا شکست دے کر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگانے والوں سے حساب مانگا جا رہا ہے۔ ماضی میں جمہوریت کے نام پرعوام کا استحصال کیا گیا اور صرف ذاتی مفادات حاصل کیے گئے۔ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ہی ملک مقروض ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کوئی شک نہیں کہ معیشت خراب حالت میں ملی، خالد مقبول صدیقی
معاون خصوصی نے کہا کہ لندن اوردبئی میں جائیدادیں بنانے والے پاکستان صرف سیاست کرنے آتے ہیں جبکہ نااہل اور نالائق ہم سے 15 ماہ کا حساب مانگ رہے ہیں۔