مسلم لیگ ن نے ڈیل کی تو نقصان اٹھائے گی، قمر زمان کائرہ


کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے کوئی ڈیل کی تو انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں اور احتجاج میں ہم بھی شامل ہیں آزادی مارچ کے جو بھی فیصلے ہو رہے ہیں ہم بھی مشاورت میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ایک مذہبی جماعت ہے جس کا انداز الگ ہوتا ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کا انداز الگ ہے۔ اب کیونکہ فضل الرحمان کا جلسہ ہے تو وہاں آپ کو مذہبی عنصر ہی نظر آئے گا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ چلنے کے لیے کچھ شرائط رکھی تھیں۔ جس میں ہم نے دھرنے کی بھی مخالفت کی اور مذہب کے مسئلے پر بھی ہم نے ساتھ کھڑے ہونے سے منع کیا تھا کیونکہ ملک میں کوئی مذہبی مسئلہ نہیں ہے اس لیے ہم مذہب کارڈ استعمال کرنے کے حق میں نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتحاد نہیں ہے بلکہ حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے اکھٹی ہوئی ہیں۔ یہ ماضی میں بننے والے اتحاد کی طرح نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت بیماری کی وجہ سے ہوئی ہے اور ہم نہیں سمجھتے کہ مسلم لیگ کی کوئی ڈیل ہوئی ہے بلکہ صرف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں لیکن اگر مسلم لیگ ن نے کوئی ڈیل کی تو ان کی جماعت کو نقصان ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں پارٹی سربراہ نے کوئی ڈیل کی تو گھاٹے کا سودا ہو گا، طلال چوہدری

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو بغیر کسی جرم ثابت ہونے کے گرفتار کر رکھا ہے اس لیے وہ ضمانت لینا نہیں چاہتے بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ انہیں رہا کیا جائے۔

میزبان عامر ضیا نے کہا کہ سیاسی سیانے کہہ رہے ہیں اصل مذاکرات کہیں اور ہو رہے ہیں، بہت سے فیصلے ہو چکے اور بہت سے ہونے باقی ہیں۔


متعلقہ خبریں