پشاور: وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے ہڑتالی ڈاکٹروں کو دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ صحت اصلاحات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ صحت اصلاحات پر وفاقی حکومت ہڑتالی ڈاکٹروں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ایک جانب صوبائی حکومت ڈاکٹروں کے ساتھ ڈی ایچ اے اور آر ایچ اے ایکٹ پر کسی قسم کے مذاکرات کرنے کو تیار نہیں تو دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی ہڑتالی ڈاکٹروں کیخلاف صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین کرواتے ہوئے صحت اصلاحات کو عوامی مفاد کے لیے ناگزیر قرار دے دیا۔
خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں صحت اصلاحات کیخلاف ڈاکٹروں کی جانب سے ہڑتال کو ایک مہینہ مکمل ہوگیا۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر اوپی ڈیز اور الیکٹیو سروسز کا بائکاٹ کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کی ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی
وزیر صحت کے پی ہشام انعام خان کے مطابق تادیبی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے ہڑتالی ڈاکٹروں کے مخصوص ٹولے کو جلد ہی سسٹم سے آوٹ کر دیا جائے گا۔