اسلام آباد: راولپنڈی میں ڈینگی سے ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا۔ سندھ کے وزیر خوراک بھی ڈینگی کا شکار ہو گئے۔
پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 330 ڈینگی کے نئے مریض سامنے آئے جبکہ 119 کو صحتیاب ہونے پر گھر بھیج دیا گیا۔ راولپنڈی میں 188، لاہور میں 15، اٹک سے 4، چکوال سے 2 اور بہاولنگر سے ایک کیس سامنے آیا۔
گوجرانولہ اور حافظ آباد سے 2، 2 جبکہ گجرات، جہلم اور ننکانہ صاحب سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ اس وقت صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 5 مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔
راولپنڈی میں ڈینگی سے ایک اور ہلاکت کے بعد رواں سال ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 51 ہو گئی۔
ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ (ڈی ای اے جی) کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 17 اکتوبر تک ڈینگی سے 10 اموات ہوئی ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کی صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 2 لاکھ 74 ہزار 103 ان ڈور اور 82 ہزار 916 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ ایک ہزار 628 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔
گذشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 77 کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 713 افراد کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ 14 مقامات کو سیل کیا گیا۔
سندھ میں رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی اور سال 2017 اور 2018 کا ریکارڈ ایک ماہ میں ہی ٹوٹ گیا۔ سال 2017 میں 2927 افراد مجموعی طور پر ڈینگی کا شکار ہوئے تھے جبکہ 2018 میں بھی متاثرہ افراد کی تعداد 2088 تھی۔
رواں ماہ سندھ میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز کراچی میں سامنے آئے ہیں اور رواں سال ڈینگی سے اموات کی تعداد 20 ہو چکی ہے۔ رواں ماہ سندھ میں 3114 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے اور اکتوبر میں کراچی کے 2889 افراد ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں نواب شاہ: ڈاکٹروں نے زندہ بچی کو مردہ قرار دے کر کفن پہنا دیا
رواں سال سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 6331 ہے اور متاثرین میں 5931 افراد کا تعلق صرف کراچی سے ہے۔
خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید 85 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 5 ہزار 789 ہو گئی ہے۔
ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق ضلع پشاور میں بھی ڈینگی مرض میں کمی نہ آسکی اور پشاور سے مزید 24 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد پشاور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 313 ہو گئی۔
صوبہ خیبر پختونخوا اسپتالوں میں تاحال 177 مریض زیرعلاج ہیں اور گزشتہ روز 56 نئے ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ 20 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی تھی۔