اکتوبر نومبر میں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید



راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں رواں سال اکتوبراور نومبر میں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں۔

پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام یوم اظہار یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پچھلے 23 دنوں سے سفاک مودی نے دنیا میں عجیب سماں بنا دیا ہے، کشمیر کی پرفضا وادیاں آگ اور خون کی وادیوں میں بدل سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دس جنگیں ہوچکی ہیں یا ان کے قریب سے لوٹے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں قوم کوجنگ کےلیے تیار کرنے کے لیے نکلا ہوں، ہمیں کشمیریوں کا ساتھ دینا ہے ورنہ تاریخ  معاف نہیں کرے گی اور قائد اعظم کا خواب پورا نہیں ہوگا، ہمارے دفاعی اور اقتصادی مسائل ہیں لیکن 130 ملین ایسے جوان ہیں جو پاکستان اور اسلام پر مرتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اقوام متحدہ نے مسائل کو کبھی حل نہیں کیا، سیاستدان وہ ہوتا ہے جو مستقبل کو جانتا ہے، یہ گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے 72 سال سے جو تیاریاں کی ہیں اس کے فائنل راؤنڈ کا وقت آگیا ہے، فاشسٹ مودی کے راستے کی رکاوٹ پاکستان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہ بہار جانے کے لیے گوادر اس کے راستے میں حائل ہے، ہماری خوش قسمتی ہے چین جیسا دوست ہمارے ساتھ ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ  کل بھی چین کے جنرل کی جنرل باجوہ سے ملاقات ہوئی، ساری دنیا ہمارے ساتھ ہے لیکن پیٹرول پمپ والے ہمارے ساتھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقسیم سازش کے تحت کی گئی تاکہ ہم  مسائل سے نہ نکل سکیں۔


متعلقہ خبریں