اسلام آباد: قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کا شمار ٹی بی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پہ ہے۔پاکستان میں سالانہ پانچ لاکھ پچیس ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔
قومی ادارہ صحت نے یہ انکشاف آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس میں کیا۔
قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس سینیٹر عتیق شیخ کی سربراہی میں ہوا۔ سینیٹر میاں عتیق نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ورٹیکل پروگراموں میں بہت سی خامیاں رہیں۔ہم نے دیکھنا ہے کہ کدھر کمی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے حکام نے کمیٹی کو ٹی بی اور ایڈز کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں سالانہ ٹی بی سے چون ہزار لوگ زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔
حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کو ٹی بی کنٹرول کیلئے دو ہزار سترہ سے دو ہزار بیس تک امریکا کی جانب سےایک سو چوالیس ملین ڈالرز ملے تھے۔
ٹی بی کنٹرول پروگرام کو دیئے جانے والے فنڈز کے معاملے پہ حکام اور چیئرمین کمیٹی کی آپس میں تکرار بھی ہوئی ۔
سینیٹر میاں عتیق شیخ نے چیئرمین ورٹیکل پروگرامز ڈاکٹر بصیر اچکزئی کو مخاطب کرکے کہا ڈاکٹر صاحب آپ بہت تیز چل رہے ہیں۔ہمیں سب پتہ ہے کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام میں کتنے گھپلے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: ’پاکستان ٹی بی سے متاثرہ پانچواں بڑا ملک‘